حروف کی اقسام
اردو گرامر کی اس حصے میں آج ہم حروف کی اقسام تفصیل سے پڑھیں گے۔ اس حصے میں ہم سب سے پہلے حروف کی تعریف کریں گے۔ اس کی بنیادی اقسام جس میں حروف ربط، حروف عطف، حروف تخصیص ، حروف فجائیہ اور حروف استفہام پڑھیں گے۔ اور ان پانچ اقسام کی ذیلی اقسام مثالوں کے ساتھ پڑھیں گے۔اس بلاگ پوسٹ کو پڑھنے کے بعد آپ اس قابل ہوجائیں گے کہ آپ اردو جملوں میں حرف کی پہچان اور استعمال کرسکیں گے۔
فہرست
حروف کی تعریف
حروف وہ غیر مستقل الفاظ و کلمات ہیں ، جو تنہا بولنے اور لکھنے میں کوئی خاص معنیٰ پیدا نہیں کرتے جب تک کسی جملے یا دوسرے الفاظ کےساتھ استعمال نہ کیا جائے ۔ یاد رہے کہ حروف کسی چیز کا نام نہیں بلکہ دوسرے الفاظ اور کلمات کے ساتھ مل کر معنیٰ دیتے ہیں۔
حروف کی مثال
حروف کو سمجھنے کے لئے دیئے گئےمثالوں پر غور کریں۔
مجتبیٰ کام میں مصروف ہے ۔
زہرا یہاں سے چلی گئی تھی۔
احمد اور علی دوست نے کھانا کھایا۔
فراز نے صبح سے شام تک کچھ نہیں کھایا۔
وہ کالج اس لئے نہیں گیا کیوں کہ وہ بیمار ہے۔
ان جملوں میں ،میں، سے، اور، تک اور کیوں کہ وغیرہ حروف کی مثالیں ہیں۔
حروف کی اقسام
اردو قواعد میں استعمال ہونے والے حروف کی بنیادی اقسام یہ ہیں۔
خیال رہے کہ ان بنیادی اقسام میں ہر قسم کی اپنی اقسام ہیں جس کو ہم نےتفصیل سے بیان کی ہیں۔
حروف ربط
حروف ربط وہ حروف ہیں جو ایک لفظ کا تعلق کسی دوسرے لفظ سے ظاہر کرتے ہیں۔
مثلاََ
قاسم نے پانی پیا۔
یہ زین کی کتاب ہے۔
علی کو کھانا دے دو۔
حروف ربط کی اقسام
حروف ربط کی بنیادی اقسام یہ ہیں۔
حروف اضافت
حروف اضافت سے مراد ایسے حروف ہیں جو صرف اسموں کے باہمی تعلق کو ظاہر کرتے ہیں۔
حروف اضافت کو سمجھنے کے لئے ان جملوں پر غور کریں۔
احمد کا بھائی ۔
مریم کی گڑیا۔
سفیان کے جوتے۔
ان جملوں میں کا، کی،کے حروف اضافت ہیں۔
قاعدہ
کا۔ حرفت اضافت ‘کا’ واحد مذکر کے لئے استعمال ہوتا ہے۔
کے۔ حرفت اضافت ‘کے’ جمع کے لئے استعمال ہوتا ہے۔
کی۔ حرفت اضافت واحد و جمع ، مونث اسماء و ضمائر کے لئے استعمال ہوتا ہے۔
حروف فاعلیت
حروف فاعلیت سے مراد وہ حروف ہیں جو فاعل کے ساتھ استعمال ہوتے ہیں۔
مثلاََ
اسماء نے کتاب پڑھی۔
وقاص نے کیک کھایا۔
فوادنے اپنا کام مکمل کیا۔
حرف فاعلیت ‘نے‘ ہمیشہ فعل ماضی میں استعمال ہوتاہے۔
حروف جار
اردو زبان میں استعمال ہونے والے حروف جار یہ ہیں۔
سے، پر، میں، تک، تلک، ساتھ، اندر ، باہر وغیرہ ۔
حروف عطف
حروف عطف وہ حروف ہیں ، جو دو یا دو سے زیادہ لفظوں یا جملوں کو ملانے کاکام دیتے ہیں۔
حروف عطف کی اقسام
حروف عطف کی اقسام یہ ہیں۔
حروف وصل
حروف وصل وہ حروف ہیں جو دو حروف یا دو اسموں کو آپس میں ملاتے ہیں۔
مثلاََ
شب وروز۔
میں اور آپ۔
حروف تردید
حروف تردید وہ حروف ہیں جو کسی بات کو رَد یا مسترد کرنے کے لئے استعمال ہوتے ہیں۔ جیسے ( نہ، خواہ، چاہئے) وغیرہ وغیرہ
مثلاََ
یہاں وصال آیا نہ منصور۔
خواہ کچھ بھی ہو میں کُرسی پر بیٹھوں گا۔
چاہئے تم مان لو یا نہ میں دریا پارکروں گا۔
حروف استدراک
حروف استدراک وہ حروف ہیں جو دو جملوں کے درمیان آکر پہلے جملے کے بارے میں شک کو دور کرتے ہیں۔ جیسے ( البتہ، مگر، لیکن، بلکہ ) وغیرہ وغیرہ۔
حروف استدراک کو سمجھنے کے لئے ان جملوں پر غور کریں۔
وہ چور نہیں البتہ جھوٹا ضرور ہے۔
وقاص غریب ہے، مگر بے غیرت نہیں۔
وہ نہ صرف کام چور ہے بلکہ دھوکہ باز بھی ہے۔
خالد نے بہت کوشش کی لیکن دریا کو عبور نہ کرسکا۔
حروف استثناء
حروف استثناء وہ حروف ہیں جو ایک لفظ یا جملے کو دوسرے لفظ یا جملے سے جُدا کردیتے ہیں۔ جیسے ( ماسواء، بجز، سوا، علاہ، ازیں) وغیرہ وغیرہ۔
نیچے دئے گئے حروف استثناء کی مثالوں پو غور کریں۔
تمام لڑکے حاضر تھے ،بجز سمیر الدین کے۔
ماسوائے میرے سب اس فیصلے پر ناراض تھے۔
عباس کے علاوہ سب اسی تقریب میں حاضر تھے۔
حروف شرط وجزاء
حروف شرط و جزاء وہ حروف ہیں۔ جو کسی بات کے جواب میں بولے جاتے ہیں۔ جیسے ( جو، اگر، جونہی، تاوقتیکہ، لہذا، یہاں تک ) وغیرہ وغیرہ
حروف شرط و جزاء کی مثالیں یہ ہیں۔
اگر وہ محنت کرتا تو کامیاب ہوجاتا۔
جو بولوں سو تولو۔
لہذا سب کی خدمت میں عرض ہے۔
جونہی سانپ نمودار ہوا، تو سب بچے بھاگ گئے۔
وہ چلتے چلتے یہاں تک کہ رات سر پر آئی۔
حروف علت
حروف علت وہ حروف ہیں، جو کسی سبب یا علت کو ظاہر کرتا ہے۔
جیسے ( کیوں کہ، اس لئے، چوں کہ ) وغیر وغیرہ۔
حروف علت کی مثالیں یہ ہیں۔
عبداللہ آج سکول نہیں آئے گا کیوں کہ وہ بیمار ہے۔
چوں کہ حذیفہ بڑا ہے تو پہلی ذمہ داری ان کی ہے۔
حروف بیانیہ
حروف بیانیہ وہ حروف ہیں جو کسی بات کی مزید وضاحت کے لئے بولے جاتے ہیں۔ یاد رہے کہ اردو میں لفظ(کہ) حرف بیان ہے۔
مثلاََ
اسماعیل کوشش کرتا ہے کہ وہ کامیاب ہوجائے۔
وہ اتنا رویا کہ دل ہلکا ہوگیا۔
محنت اتنی خاموشی سے کرو کہ کامیابی شور مچائے۔
حروف تخصیص
حروف تخصیص وہ حروف ہیں جو اسم یا فعل کے ساتھ آکر اس میں خصوصیت کا معنیٰ پیدا کرے۔ جیسے ( اکیلا، تو، صرف، فقط، محض، ہر ہی حال) وغیر وغیرہ
حروف تخصیص کی اقسام
حروف تخصیص کی اہم اقسام یہ ہیں۔
حروف شرکت
حروف شرکت وہ حروف ہیں، جو کسی بھی جملے کو مزید خصوصیت دیتے ہیں۔
مثلاََ
تم آو نیز طلحہ کو بھی ساتھ لے آو۔
یاسین نہ صرف خوش اخلاق ہے بلکہ مہمان نواز بھی ہے۔
اردو عام طور استعمال ہونے والے حروف شرکت یہ ہیں ( نیز، بھی، نہ صرف ) وغیرہ وغیرہ
حروف حضر و خصوصیت
حروف حضر وخصوصیت وہ حروف ہیں ، جو کسی چیز کی خاص بناتا ہے۔
مثلاََ
جیسے ہی گرمی چلی گئی سردی اضافہ ہوتا گیا۔
بس صرف یہی بات باقی تھی۔
اردو قواعد میں عام طور پر استعمال ہونے والے حروف حضر وخصوصیت یہ ہیں۔ ( اکیلا، بس، تو، تنہا، خالی، صرف، فقط، محض، نرا، ہی ) وغیرہ وغیرہ
حروف تشبیہ
حروف تشبیہ وہ حروف ہیں جو کسی بھی ایک چیز کو کسی خاصیت کی وجہ سے دوسری چیز کی طرح ظاہر کرتے ہیں۔
مثلاََ
اسلم بھی پھول کی طرح خوب صورت ہے۔
وہ خچر گھوڑے کی مانند ہے۔
اردو گرامر میں عام طور پر استعمال ہونے والے حروف تشبیہ یہ ہیں۔
ویسے، مانند، طرح ، کی طرح،، مثل، وغیرہ وغیرہ
حروف فجائیہ
حروف فجائیہ وہ حروف ہیں جو کسی بھی جوش، جذبے، غم، خوشی، اچانک یا حیرت کی موقع پر بولے جاتے ہیں۔
مثلاََ
یااللہ !خیر کرے۔
سبحان اللہ !کتنا خوبصور ت پھول ہے۔
اچھا! تو یہ بات ہے۔
حروف فجائیہ کی اقسام
اردو زبان میں استعمال ہونے حروف فجائیہ کی بنیادی اقسام یہ ہیں۔
حروف ندا
حروف ندا وہ حروف ہیں جو کسی کو آواز دینے یا متوجہ کرتے کے لئے استعمال ہوتے ہیں۔
مثلاََ
اے بھائی ! ادھر آو۔
اے صاحبو! میری بات سنو۔
یا اللہ ! تو رحم کر
اردو میں عام طور استعمال ہونے والے حروف ندا یہ ہیں ۔ اے، یا، جیسے، اے صاحبو، یا اللہ وغیرہ وغیرہ
حروف ایجاب
حروف ایجاب وہ حروف ہیں جو کسی کو پکارنے یا بُلانے کے جواب میں بولے جاتے ہیں۔
اردو قواعد میں استعمال ہونے والے حروف ایجاب یہ ہیں۔
جی، جناب، ہاں ، ہوں، اچھا، حضور، واقعی ، ٹھیک ، درست، صحیح وغیرہ وغیرہ
حروف انبساط
حروف انبساط سے مراد ایسے حروف ہیں جو خوشی کی موقع پر بولے جاتے ہیں۔
مثلاََ
ماشاء اللہ! کتنا خوبصورت گھر ہے۔
بہت خوب! تو نے اچھا کام کیا۔
واہ ! تو نے تو کمال کردیا۔
اردو گرامر میں استعمال ہونے والے حروف انبساط یہ ہیں۔
واۃ، سبحان اللہ ، ماشاء اللہ ، بہت خوب وغیرہ وغیرہ
حروف تعجب
یہ حروف حیرانی اور تعجب کے اظہار کی موقع پر استعمال ہوتے ہیں۔
جیسے (کیاکیا، ارے، اللہ اللہ) وغیرہ وغیر
حروف تاسف
حروف تاسف وہ حروف ہیں جو صرف غم ، رنج اور افسوس کے اظہار کے لئے بولے جاتے ہیں۔
مثلاََ
اُف! وہ مرگیا۔
ہائے ہائے ! میں فیل ہوگیا۔
افسوس! وہ گرگیا۔
حروف تاکید
حروف تاکید وہ حروف ہیں جو کسی بھی بات یا کلام میں وزن ڈالنے یا تاکید کرنے کے بارے میں بولے جاتے ہیں۔
مثلاََ
بے شک ! تو نے ہم سے اچھا معاملہ کیا۔
تمہیں وہاں ہرگز نہیں جانا چاہئے تھا۔
ضرور کوئی بات تو ہے تو تم چھپانا چاہتے ہیں۔
اردو گرامر میں استعمال ہونے والے حروف تاکید یہ ہیں۔
بے شک، ہرگز، ضرور، مطلق، اصلاََ وغیرہ وغیرہ
حروف نفرین
یہ وہ حروف ہیں حروف ہیں جو نفرت اور حقارت کی موقع پر استعمال ہوتے ہیں۔
جیسے
جھوٹے پر اللہ کی ہزار لعنت ہو۔
اردو قواعد میں استعمال ہونے والے عام حروف نفرین یہ ہیں۔ لعنت، ہزار لعنت، اخ تھو، چھی چھی وغیرہ وغیرہ
حروف تحسین
حروف تحسین وہ حروف ہیں جو کسی کو داد دینے کے لئے بولے جاتے ہیں۔ مثلاََ
افرین !بیٹا تم نے بہت اچھا کام کیا۔
جزاک اللہ ! اللہ پاک آپ لوگوں کو توفیق دیں۔
اردو گرامر میں عام طور پر استعمال ہونے والے حروف تحسین یہ ہیں۔ جزاک اللہ، افرین، مرحبا، شاباش وغیرہ وغیرہ
حروف خوف و امان
یہ وہ حروف ہیں جو پناہ مانگنے یا امان مانگنے کے لئے استعمال ہوتے ہیں۔
جیسے
توبہ توبہ ! کتنا جھوٹ بولا اُس نے ۔
عام استعمال ہونے والے حروف خوف و امان یہ ہیں۔
توبہ توبہ ، الامان، الحفیظ وغیرہ وغیرہ
حروف استفہام
حروف اسفہام ایسے حروف ہیں جو کسی سے بات کرنے یا سوال پوچھنے کے لئے استعمال ہوتے ہیں۔
حروف استفہام کو سمجھنے کے لئے دیئے گئے مثالوں کو غور سے پڑھیں۔
آپ کیا کام کرتے ہیں؟
گاڑی میں کون کون جارہے ہیں؟
اگلی پیشی کب ہوگی؟
آپ کہاں جارہے ہیں؟
آپ کس لئے یہ بات کررہے ہوں؟
یہاں کیوں کھڑے ہو؟
اردو گرامر میں استعمال ہونے والے حروف استفہام یہ ہیں۔
کیا، کون، کب، کہاں، کیسے، کس لئے، کون سی، کیوں، کہاں وغیرہ وغیرہ ۔
امید ہے کہ اس بلاگ پوسٹ کو پڑھنے کے بعد آپ نے حروف کی اقسام سمجھے ہونگے ۔ اگر پھر بھی اس موضوع کی حوالے سے آپ کی ذہن میں کوئی سوال ہے تو کمنٹ سیکشن میں ضرور پوچھے گا۔ اردو گرائمر کو سیکھنے کے لئے ہمارے ویب سائٹ کو سبسکرائب کرنا نہ بھولیں ۔
یہ بھی پڑھیں: فعل کی اقسام
ماشاء اللّٰہ ! اللّٰہ آپ کو مزید پڑھنے اور پڑھانے کی توفیق عطا فرما ۔ آمین
Thank u