مرکب کی اقسام | مرکب کی 16 اقسام تعریف اور مثالوں کے ساتھ

اردو گرامر کی اس حصے میں ہم مرکب کی اقسام تفصیل سے پڑھیں گے۔ اس بلاگ پوسٹ میں ہم نے مرکب کی بنیادی اقسام تفصیل سے بیان کی ہیں۔ جس میں مرکب تام، مرکب ناقص، مرکب توصیفی، مرکب عطفی، مرکب ظرفی، مرکب جاری، مرکب عددی، مرکب اشاری، مرکب امتزاجی، مرکب تمیزی، مرکب بدلی، مرکب تاکیدی، مرکب استثنائی، مرکب تابع مہمل، مرکب تابع متبوع، مرکب حال ذوالحال، مرکب عطف بیان و مبین  وغیرہ شامل ہیں۔ اس بلاگ پوسٹ کو مکمل پڑھنے کے بعد آپ اس قابل ہوجائیں گے کہ آپ اردو جملوں میں مرکب کی پہچان اور صحیح استعمال کرسکیں گے۔ 

فہرست

مرکب کی تعریف

جب دو مختلف اسم، یا ایک اسم اور اسم صفت یا اسم و فعل، یا اسم صفت و فعل مل کر نیا لفظ بن جائے مرکب کہتے ہیں۔ 

زیادہ تر مرکب الفاظ ہندی سے ماخوذ ہیں۔ 

مثلاََ  رسول کریم ﷺ ، ان جان، ان مل، شب و روز  وغیرہ وغیرہ۔

مرکب کی اقسام

اردو گرامر کی اس حصے میں ہم نے مرکب کی 16 مشہور اقسام تعریف اور مثالوں کے ساتھ بیان کی ہیں۔ تو آئیں ان تمام اقسام کا تفصیلی تذکرہ کرتے ہیں۔ 

مرکب تام

مرکب تام وہ مرکب ہے جس کا مطلب  سُننےوالوں   کو پورا سمجھ آئے۔ مرکب تام کہلاتا ہے۔ 

مثلاََ

جاوید پڑھتا ہے۔

نازیہ کپڑے دھوتی ہے۔ 

مجتبیٰ نظم یاد کرتا ہے۔ 

مرکب ناقص

وہ مرکب جو ُسننے والے کو پوری طرح سمجھ میں نہ آئے۔ مرکب ناقص کہلاتاہے۔ 

جیسے 

اقبال کی ٹوپی 

گرم آب وہوا

عمران کا کمرہ ۔

مرکب اضافی

جب دو اسموں کے درمیان ایک تعلق پایا جائے۔ اس تعلق کو اضافت کہتے ہیں۔ جس اسم کا تعلق ظاہر کیا جائے۔ اُسے مضاف کہتے ہیں۔ اور جس اسم کے ساتھ تعلق ظاہر کیا جائے ،اُسے مضاف الیہ کہتے ہیں۔ 

مضاف، مضاف الیہ اور حرف اضافت سے جو مرکب بنتا ہے ،مرکب اضافی کہتے ہیں۔ 

مرکب اضافی کی مثالیں

احمد کا گھر 

جواد کا بھائی 

ان جملوں میں احمد اور جواد مضاف الیہ، گھر اور بھائی مضاف جبکہ ‘کا’ حرف اضافت کہلاتا ہے۔

مرکب توصیفی

وہ مرکب جو صفت اور موصوف سے مل کر بنے ، اُسے مرکب توصیفی کہتے ہیں۔ 

مثلاََ 

گرم پانی، گرم روٹی، میٹھا چائے 

ان جملوں میں گرم اور میٹھا صفت جبکہ پانی، روٹی اور چائے موصوف کی مثالیں ہیں۔

مرکب عطفی

مرکب عطفی وہ مرکب ہے، جو معطوف الیہ، حروف عطف اور معطوف سے مل کر بنے ۔ 

مرکب عطفی کی مثالیں

اکرام اللہ اور محمد الیاس 

انسان اور حیوان 

شب و روز 

ان جملوں میں اکرام اللہ ، انسان اور شب معطوف الیہ کی مثالیں ہیں۔ اسی طرح محمد الیاس، حیوان اور روز معطوف جبکہ ‘اور’،’و’ حروف عطف کو ظاہر کرتے ہیں۔

 

مرکب ظرفی

وہ مرکب جو ظرف اور مظروف سے مل کر بنے ۔ 

جیسے 

دریا کا پانی 

گلشن کے پھول 

سحر کا وقت 

گھر کا کمرہ 

ان مرکبات میں دریا، گلشن ، سحر اور گھر ظرف کی مثالیں ہیں جبکہ پانی ، پھول، وقت اور کمرہ مظروف کی مثالیں ہیں۔

مرکب جاری

وہ مرکب جو حرف جار اور مجرور سے مل کر بنے ۔ 

مثلاََ 

مسجد میں، گاڑی پر، شاہ دستور تک، لاہور سے، امجد کے ساتھ 

ان الفاظ میں مسجد ، گاڑی، شاہ دستور، لاہور اور وصال مجرور کی مثالیں ہیں۔ جبکہ میں، پر، تک، سے، کے ساتھ وغیرہ حرف جار کی مثالیں ہیں۔

مرکب عددی

وہ مرکب جو عدد اور معدود سے مل کر بنے ، مرکب عددی کہلاتا ہے۔ 

جیسے 

دس لڑکے، آٹھ بکریاں، گیارہ انڈے، کچھ ایام، کئی بوریا وغیرہ وغیرہ 

ان مرکبات میں دس، آٹھ، گیارہ، کچھ اور کئی عدد کی مثالیں ہیں۔ جبکہ لڑکے ، بکریاں، انڈے ، ایام اور بوریاں معدود کی مثالیں ہیں۔

مرکب اشاری

وہ مرکب جو اسم اشارہ اور مشارہ الیہ سے مل کر بنے ، مرکب اشاری کہتے ہیں۔ 

جیسے 

یہ جھنڈا، وہ لڑکی وغیرہ وغیرہ 

جس میں ‘یہ’ اور ‘وہ’ اسم اشارہ کی مثالیں ہیں جبکہ جھنڈا اور لڑکی مشارہ الیہ کی مثالیں ہیں۔

مرکب امتزاجی

مرکب امتزاجی وہ مرکب ہے جو دو یا دو سے زیادہ اسموں سے مل کر بنے ۔ 

جیسے 

گل آباد، شکور آباد، الہیٰ بخش

اگر ان مرکبات پر غور کیا جائے تو یہ تمام دو یا دو سے زیادہ اسموں سے مل کر بنے ہیں۔ 

مرکب تمیزی

وہ مرکب جو تمیز اور ممیز سے مل کر بنے  مرکب تمیزی کہتے ہیں۔ 

جیسے 

بارہ کلو پھل، دو لیٹر تیل 

جو لفظ کسی اسم کا شک اور ابہام دور کرلے اُسے تمیز کہتے ہیں۔ اور جس اسم سے شک یا ابہام دور کرے اُسے ممیز کہتے ہیں۔ 

مثلاََ 

بارہ کلواور دو لیٹر تمیز کی مثالیں ہیں۔ جبکہ پھل اور تیل ممیز کی مثالیں ہیں۔

مرکب بدلی

مرکب بدلی وہ مرکب ہے، جو بدل اور مبدل منہ سے مل کر بنے۔ جب جملے میں لفظ آگے پیچھے اس قسم کے آئیں کہ دونوں سے ایک ہی مراد ہو۔ اور ان میں سے اصلی غرض ہو اور دوسرے سے چنداں غرض نہ ہو۔ 

مرکب بدلی کو سمجھنے کے لئے ان مثالوں پر غور کریں۔ 

عطاء الرحمٰن تمھارا دوست۔

ضیاء الرحمٰن تمھارا بھائی۔

ذیشان خان میرابیٹا۔

ان مرکبات میں تمھارا دوست، تمھارا بھائی اور میرا بیٹا ‘بدل’ کی مثالیں ہیں۔ جبکہ عطاء الرحمٰن، ضیاء الرحمٰن اور ذیشان ‘مبدل منہ ‘ کی مثالیں ہیں۔

مرکب تاکیدی

جو مرکب تاکید اور موکد سے مل کر بنے ان میں سے ایک کلمہ دوسرے کی تاکید کرتا ہے۔ اس طرح دونوں کے متعلق میں زور پیدا ہوجاتا ہے۔ ایسا لفظ جو زور پیدا کرتا ہے، تاکید کہلاتا ہے۔ اور جس کی تاکید کرے موکد کہتے ہیں۔ 

جیسے 

تمام لڑکے ، سب بچے ، سبھی لوگ وغیرہ وغیرہ 

تمام، سب اور سبھی حروف تاکید کی مثالیں ہیں۔ جبکہ لڑکے ، بچے اور لوگ موکد کی مثالیں ہیں۔ 

مرکب استثنائی

یہ وہ مرکب ہے جو مستثنیٰ اور مستثنیٰ منہ سے مل کر بنتے ہیں، اور ان کے درمیان حرف استثنا ء موجود ہو۔ 

مرکب استثنائی کو سمجھنے کے لئے ان مثالوں پر غور کریں۔ 

علی کے علاوہ سب لڑکے ۔

زین کے سوا تمام طلباء ۔

ان جملوں میں علی اور زین  مستثنیٰ، سب لڑکے اور تمام طلباء مستثنیٰ منہ جبکہ ‘کے علاوہ’ اور کے ‘سوا’ حرف استثنا کی مثالیں ہیں۔

مرکب تابع متبوع

مرکب تابع متبوع مرکب کی وہ قسم ہے جس میں محاورہ کے مطابق ایک بامعنیٰ لفظ کے ساتھ دوسرا بامعنیٰ لفظ لایا جائے۔ لیکن وہ ضرورت سے زائد لفظ ہوتا ہے۔ 

جیسے 

دونا دھونا، چال ڈھال، جان پہچان 

ان الفاظ میں دونا، چال اور جان  بامعنیٰ الفاظ ہیں ۔ اسی طرح دھونا، ڈھال اور پہچان (جو یہاں اپنی معنیٰ نہیں دیتے ) متبوع کی مثالیں ہیں۔

مرکب حال ذوالحال

یہ وہ مرکب ہے جس میں ذوالحال اور حال کا تعلق پایا جائے۔ جو لفظ فاعل یا مفعول کی حالت یا کیفیت کو ظاہر کرے اُسے حال کہتے ہیں۔ اسی طرح جس کی حالت یا کیفیت ظاہر کرے اُسے ذوالحال کہتے ہیں۔ 

جیسے 

ہنستا ہوا چہرا۔

مُسکراتا ہوا بچہ۔ 

دوڑتا ہوا لڑکا۔

ان جملوں میں ہنستا ہوا، مُسکراتا ہوا اور دوڑتا ہوا حال کی مثالیں ہیں ، جبکہ چہرا، بچہ اور لڑکا ذوالحال کی مثالیں ہیں۔

مرکب عطف بیان و مبین

مرکب عطف و مبین مرکب کی وہ قسم ہے جو کسی مرکب میں ایک اسم دوسرے خاص اسم کی وضاحت کرتا ہے۔ اور یہ دوسرا اسم پہلے کی نسبت مشہور ہوتا ہے۔ دوسرا اسم پہلے اسم کا عرف، لقب یا تخلص ہوتا ہے، اُسے واضح کرنے والے اسم کو عطف بیان کہتے ہیں۔جبکہ پہلے اسم کو مبین کہتے ہیں۔ 

مثلاََ

سعادت حسن منٹوؔ، مرزا اسداللہ خان غالبؔ

ان اسماء میں سعادت حسن اور مزرااسداللہ خان مبین کی مثالیں جبکہ منٹو اور غالب عطف بیان کی مثالیں ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: حروف کی اقسام 

اُمید ہے کہ اس سبق کے بعد آپ نے مرکب کی اقسام سمجھے ہونگے ۔ مکمل اُردو گرامر سیکھنے کے لئے ہمارے ویب سائٹ کو ضرور سبسکرائب کریں۔ اگر یہ پوسٹ آپ کو پسند آیا ہے تو اپنے دوستوں کے ساتھ ضرور شئیر کریں۔ 

تبصرہ کیجئے

Your email address will not be published. Required fields are marked *